12 اپریل 2015 - 11:54
یمن پر حملوں میں سعودی عرب نے آپاچی ہیلی کاپٹر استعمال کئے

آل سعود نے یمن پر اٹھارہویں روز بھی فوجی جارحیت جاری رکھی اور صنعا اور لحج پر حملے کرنے کے لئے آپاچی ہیلی کاپٹر استعمال کئے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ موصولہ رپورٹ کے مطابق آل سعود نے یمن کے نہتے عوام پر اٹھارہویں روز بھی وحشیانہ حملے جاری رکھے اور پہلی مرتبہ اس جنگ میں امریکی ساختہ آپاچی ہیلی کاپٹر استعمال کئے ہیں- آل سعود نے صنعا کے سنحان علاقے میں بعض ٹھکانوں پر امریکی جنگی ہیلی کاپٹروں سے بمباری کی ہے- سنحان یمن کے سابق صدر علی عبداللہ صالح کا آبائی علاقہ ہے- اس رپورٹ کے مطابق الموتمر نیٹ نے جو علی عبداللہ صالح کی پارٹی کی ویب سائٹ ہے، اطلاع دی ہے کہ سعودی عرب کے ہیلی کاپٹروں کی بمباری میں ریمہ حمید نامی فوجی چھاونی مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہے اور اس میں موجود بعض فوجی جاں بحق اور زخمی ہو گئے ہیں- ریمہ حمید نامی فوجی چھاونی علی عبداللہ صالح کے حامی فوجیوں کے کنٹرول میں تھی- کہا جاتا ہے کہ اس میں بھاری مقدار میں جدید ہتھیار اور جنگی ساز و سامان موجود تھا- علی عبداللہ صالح کے اقتدار سے ہٹنے کے بعد یہ فوجی چھاونی ان کے جانشین عبد ربہ منصوری ہادی کے قبضے میں چلی گئی تھی- بتایا جاتا ہے کہ بعض فوجی دھڑوں نے اس چھاؤنی میں موجود ہتھیار اور فوجی ساز و سامان لوٹ لیا تھا- یمن پر حملوں میں سعودی عرب نے اتوار کو پہلی مرتبہ آپاچی ہیلی کاپٹر استعمال کئے ہیں- دوسری جانب علی عبداللہ صالح کی عوامی کانگریس پارٹی نے ایک اعلی سطحی وفد عمان، روس، مصر اور امریکہ روانہ کیا ہے- اس اقدام کا مقصد یمن پر سعودی عرب کی جارحیت رکوانا ہے- اس رپورٹ کے مطابق اس وفد کے سربراہ ابو بکر القربی ہیں جو عوامی کانگریس پارٹی کے جنرل سیکرٹری بھی ہیں- ابو بکر القربی علی عبداللہ صالح کے دور حکومت میں یمن کے وزیر خارجہ بھی رہ چکے ہیں- ان کے وفد میں اس پارٹی اور جمہوری قومی اتحاد کے رہنما شامل ہیں- علی عبداللہ صالح کا بھیجا ہوا وفد اقوام متحدہ بھی جائے گا- اس وفد کی کوشش ہے کہ یمن پر سعودی عرب کی جارحیت ختم ہو جائے اور یمن کے گروہ مذاکرات کی میز پر آ جائیں-

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲